زرداری کے بش اور گیبریل کے شوہر کو فون، بل گیٹس، ہالبروک کی بیوہ سے ملاقاتیں

واشنگٹن (اے پی پی+ آن لائن+ مانیٹرنگ ڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش سے فون پر گفتگوکی اور باہمی دلچسپی اور علاقائی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی حکام کے مطابق بش نے دہشت گردی کے خلاف جنگ مےں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ صدر زرداری رکن گیبریل گفورڈز کے شوہر مارک ای ایلی کو بھی فون کیا اور گیبریل کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ صدر نے کہا کہ معاشروں سے تشدد کے خاتمے کےلئے سیاسی عمل کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ صدر آصف علی زرداری سے امریکی ایوان نمائندگان کی رکن شیلا جیکسن نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد پاکستانی صحافیوں سے گفتگو میں شیلا جیکسن نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ معصوم افراد کو نشانہ بنانےوالوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔ مشکلات کی اس گھڑی میں پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ کانگرس پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے حکومت کی مکمل حمایت جاری رکھنے کے ساتھ پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات اور مالی امداد کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے صدور کی ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ صدر زرداری سے مائیکرو سوفٹ کے چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی جس مےں تعلیم اور صحت کے شعبے مےں بات ہوئی، بل گیٹس نے صدر زرداری کو پاکستان مےں پولیو کے خاتمے کے لئے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ صدر زرداری نے رچرڈ ہالبروک کی بیوہ سے ملاقات مےں ان کے شوہر کی موت پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہالبروک نے دہشت گردی کے خاتمے کےلئے گراں قدر خدمات انجام دیں، ہالبروک کی بیوہ نے صدر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاہد النیہان نے بھی صدر زرداری سے ملاقات کی جس میں ابوظہبی میں ہونے والی توانائی کانفرنس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن