پاکستان کے ساتھ اعتماد سازی کے طور پر سیاچن جیسے اہم محاذ سے فوج نہیں ہٹا سکتے: بھارتی آرمی چیف

Jan 16, 2013

نئی دہلی+اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں ) بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ نے مقبوضہ کشمیر میں آفسپا کے خاتمے اور سیاچن سے فوجوں کی واپسی کے امکان کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ریاستی اخبار کی رپورٹ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ جموں وکشمیر سے افسپا کا خاتمہ ، شدت پسندی کیخلاف جاری اقدامات اور کوششوں پر منفی اثرات مرتب کرے گا اور فوج کسی صورت آفسپا کے خاتمے کی حمایت نہیں کرسکتی ۔ انکا کہنا تھا کہ مجاہدین شہریوں کے روپ میں کارروائیاں کرتے ہیں اور ایسے حالات میں جب دوستوں اور دشمنوں کی پہچان کرنا مشکل ہو۔افسپا جلسے قواتین کا خاتمہ خطرناک ہوگا۔ ہماری فوج بڑے چیلنجز سے نمٹ رہی ہے اور اس صورتحال میں ایسے مزید اختیارات کی ضرورت ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے سیاچن سے فوجوں کے انخلاءکے امکان کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ اعتماد سازی کے طور پر سیاچن جیسے اہم محاذ سے فوج نہیں ہٹائی جاسکتی ۔دریں اثنا پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ بھارتی آرمی چیف کے بیان جیسے غیر ذمہ دارانہ بیانات دے کر کنٹرول لائن پر پہلے سے کشیدہ صورتحال کو خراب نہیں کرنا چاہتا۔ یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان نے کنٹرول لائن پر فائر بندی کی خلاف ورزیوں سے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جاری امن کے عمل کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور طے شدہ میکنزم کے تحت کنٹرول لائن پر خلاف ورزیوں کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دیرپا اور نتیجہ خیز انداز میں مذاکرات کا عمل جاری رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں جانب ایک پرامن ماحول کے قیام کے لئے ہماری مشترکہ کوششوں میں انحراف سے بچنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کریں۔

مزیدخبریں