لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی 7 نکاتی ایجنڈا پیش کر دیا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا فوری اعلان کیا جائے، تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے غیر جانبدار نگران حکومت بنائی جائے، صدر زرداری صدارت سے مستعفی ہوں، الیکشن کمشن ماسوائے چیف الیکشن کمشنر ازسرنو تشکیل دیا جائے، راجہ پرویز اشرف کے خلاف عدالتی حکم پر عمل کیا جائے اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، عمران خان تحریک انصاف کے اعلی عہدیداران کے طویل اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، احسن رشید، عبدالعلیم خان، جہانگیر ترین و دیگر عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ، ان کے مطالبات اور خطاب سے اتفاق کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں سے کہا کہ وہ تیار رہیں آج بدھ کو پارٹی عہدیداروں کا ایک اور اجلاس ہو گا جس کے بعد کارکنوں کو کسی بھی وقت اسلام آباد پہنچنے کی کال دی جا سکتی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری اور ہماری حکمت عملی میں فرق ہے۔ طاہر القادری تبدیلی کے لئے ”دباﺅ“ ڈال رہے ہیں جبکہ تحریک انصاف منتخب حکومت کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے لانگ مارچ کے شرکاء پر پولیس کے لاٹھی چارج آنسو گیس شیلنگ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے کسی حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو ہم سڑکوں پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی پارٹی میں ہر صورت الیکشن کروائے گی اور اگر پارٹی الیکشن مکمل ہونے سے پہلے عام انتخابات کا اعلان ہو گا تو ہم پارٹی کے ”پلان بی“ کے تحت الیکشن کے لئے تیار ہیں۔ اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم آئین سے تجاوز نہیں چاہتے نہ ہی کسی ماورائے آئین اقدام کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کی موجودگی میں شفاف الیکشن نہیں ہوسکتا۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں طاقت کے زور پر تبدیلی کی حمایت نہیں کرتے، ملک میں تبدیلی صرف عوام کے ووٹوں سے آنی چاہئے، ہم ملک میں کسی غیر آئینی اقدام کو سپورٹ نہیں کرینگے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے مک مکاﺅ والی نگران حکومت کسی کو قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں مک مکاﺅ ہو چکا ہے کہ ”ادھر ہم ادھر تم“ جس کے تحت سندھ میں پیپلز پارٹی اور مرکز میں (ن) لیگ حکومت بنائیگی لیکن ہم ایسا کسی بھی صورت نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے سات نکاتی مطالبات پیش کر رہے ہیں جن کے تحت ہم چاہتے ہیں کہ آصف زرداری کی نگرانی میں شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے اور ویسے بھی ا نکے 2 عہدوں کے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے مگر اس پر بھی عمل نہیں کیا گیا لحاظ ہم مطالبہ کرتے ہیں وہ آئندہ انتخابات سے پہلے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔
زرداری استعفیٰ دیں ‘ غیر جانبدار نگران حکومت بنا کر الیکشن کا اعلان کیا جائے: عمران خان کے 7 مطالبات
Jan 16, 2013