کراچی/ لاہور (کامرس رپورٹر/ مارکیٹ رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سپریم کورٹ سے رینٹل پاور کیس میں گرفتاری کے حکم کے بعد کراچی سمیت اندرون سندھ مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا اور کاروبار بند ہو گیا۔ سٹاک مارکیٹ کریش ہو گئی۔ روپے کی قدر میں بھی نمایاں کمی ہوئی اور امریکی ڈالر 90روپے 30پیسے کا ہو گیا۔ لاڑکانہ اور سکھر کے مختلف علاقوں میں مشتعل افراد نے دکانیں بند کرا دیں۔ لاڑکانہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ کراچی میں ایک گاڑی نذر آتش کر دی گئی۔ ٹنڈو محمد خان اور تھرپار میں پی پی کے کارکنوں نے دکانیں اور بازار بند کرا دئیے، جیکب آباد میں پی پی کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ خیرپور میں مشتعل افراد نے دکانیں بند کرائیں، پنوں عاقل میں بھی شہر بند کروا دیا گیا، جیالوں نے وزیراعظم کی حمایت میں جلوس نکال کر ڈی سی چوک پر دھرنا دیا، حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، عدالتی فیصلے کی وجہ سے حصص میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے ایک کھرب 31 ارب روپے سے زائد رقم ڈوب گئی ہے۔ ملک بھر میں افواہوں کے باعث لوگ دکانیں بند کرکے گھروں کو چلے گئے۔ کراچی سٹاک مارکیٹ کا 100انڈیکس 500پوائنٹس گر گیا۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی رہی، مجموعی طور پر 96کمپنیوں کا کاروبار ہوا، کسی بھی کمپنی کے حصص میں اضافہ نہیں ہوا۔ 54کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 42کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ کراچی سٹاک ایکسچینج منگل کے روز 5سالہ طویل مدت کے بعد 525.29پوائنٹس پر کریش ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں شدید مندی کے ایس سی 100انڈ یکس 525.29پوائنٹس کمی پر چھ نفسیاتی حدود سے گر کر 16107.89کی انتہائی نچلی سطح پر پہنچ گیا۔ 365کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، 15کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ 336میں کمی جبکہ 14کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔