کوچی (سپورٹس ڈیسک) بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریزکے دوسرے میچ میں میزبان بھارت نے 127رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کرکے سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔ بھارت کی جانب سے مہندرا سنگھ دھونی، رویندرا جدیجا اورسریش رائنانے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مہندرا سنگھ دھونی نے 72، رویندرا جدیجا نے 61 رنز ناٹ آﺅٹ جبکہ سریش رائنا نے 55رنز کی اننگزکھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے سٹیفن فن اور ڈیرن بیچ نے دو، دو جبکہ کرس ووکس اور ٹریڈ ویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی ٹیم 286 رنز کے تعاقب میں158رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی جانب سے اجنیکارائنے اور گوتم گھمبیر نے اننگز کا آغاز کیا۔ 18کے سکور پر بھارت کی پہلی وکٹ گری جب گوتم گھمبیر 8 رنز بنا کر ڈیرن بیچ کی بال پر بولڈ ہوگئے۔ اگلے اوور کی تیسری بال پر اسی سکور پر بھارت کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اجنیکا رائنے بھی4 رنز بنا کر سٹیفن فن کی بال پر بولڈ ہوگئے۔ 18رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد یووراج اور کوہلی نے سکور میں 53 رنز کا اضافہ کیا۔ انگلینڈ کو تیسری کامیابی اس وقت ملی جب 71کے سکور پر یووراج سنگھ 32 رنز بنا کر جیمز ٹریڈ ویل کی بال پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔ یووراج کے بعد سریش رائنا بیٹنگ کےلئے آئے اور کوہلی کے ساتھ مل کر سکور کر 119 تک پہنچا دیا۔ اس مجموعی سکور پر ویرات کوہلی37 رنز بنا کر کرس ووکس کی بال پر آئن بیل کو کیچ دے بیٹھے۔ 119پر چار وکٹیں گرنے کے بعد دھونی اور رائنا نے پانچویں وکٹ کےلئے سکور میں 55 رنز بنائے۔ 174پر انگلینڈ کو کامیابی ملی جب سریش رائنا 55 رنز بنا کر سٹیفن فن کی بال پر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان دھونی نے باﺅلر رویندرا جدیجا کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت کےلئے سکور میں 96 رنز کا اضافہ کیا۔ 270 کے سکور پر دھونی72رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ڈیرن بیچ کی بال پر جوئے روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر 285 رنز بنائے۔ رویندرا جدیجا 61 اور رویندرا ایشون 1کے سکور پر ناٹ آﺅ ٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے سٹیفن فن اور ڈیرن بیچ نے دو دو جبکہ کرس ووکس اور ٹریڈ ویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کامیابی کےلئے 286رنز کا تعاقب کرنیوالی انگلش ٹیم کو ابتداءہی میں نقصان اٹھانا پڑا جب چار کے سکور پر ایک رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کے بعد شامی احمد کی بال پر دھونی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، انگلینڈ کے دوسرے آﺅٹ ہونیوالے کھلاڑی کپتان ایلسٹرکک تھے وہ17رنز بنا کر بھونیشور کمارکے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی تیسری اور چوتھی وکٹ73کے سکور پر گری جب کیون پیٹرسن42 اور ایان مورگن بغیرکوئی سکور بنائے بھونیشور کمار کی بال پر آﺅٹ ہوئے۔ 73رنز پر چار وکٹیں گر نے کے بعد کریگ کیوسٹر اور جوئے روٹ نے پانچویں وکٹ کےلئے سکور میں37رنز کا اضافہ کیا۔ 110کے سکور پر کیوسٹر18رنز بنا کر رویندرا ایشون کی بال پر سریش رائنا کو کیچ دے بیٹھے۔ جوئے روٹ آﺅٹ ہونیوالے چھٹے کھلاڑی تھے وہ 132کے مجموعی سکور پر 36 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رویندرا جدیجا کی بال پر بولڈ ہوگئے۔ بھارت کو ساتویں وکٹ بھی اسی سکور پر ملی جب کرس ووکس بغیر کوئی سکور بنائے رویندرا جدیجاکی بال پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے۔ مجموعی سکور میں تین رنز کا اضافہ کرنے کے بعد جیمز ٹریڈ ویل135کے سکور پر روی چندرن ایشون کی بال پرایک سکوربناکر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔ نئے آنیوالے کھلاڑی سٹیفن فن پہلی ہی بال پر آﺅٹ ہوئے، روی چندرن ایشون کی بال پر وکٹ کیپر دھونی نے ان کا کیچ لیا۔ سمیت پٹیل نے اننگز کے 36 ویں اوور میں روی چندرن ایشون کو تین چوکے اور ایک چھکا لگایا، اوور کی پانچویں بال پر ایک سکور لینے کی کوشش میں ڈیرن بیچ2کے انفرادی سکور پر رن آﺅٹ ہوگئے اوریوں میزبان بھارت نے 127کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کر کے پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ بھارت کی جانب بھونیشور کمار اور روی چندرن ایشون نے تین تین، رویندرا جدیجا نے دو جبکہ شامی احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ رویندرا جدیجا نے سات اوورز میں صرف 12رنز دے کر دو وکٹیں لیں۔ سیریز کا تیسرا میچ 19جنوری کو رانچی میں کھیلا جائے گا۔