خواتین فنی تربیت کیلئے ”ٹسڈک“ اور ویمن چیمبر میں معاہدہ

Jan 16, 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) ٹیکنالوجی اَپ گریڈیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی (ٹسڈک) نے خواتین کو فنی و تکنیکی تربیت فراہم کرنے کے لئے سنٹرل اینڈ نارتھ پنجاب ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے معاہدہ کر لیا۔ ٹسڈک کے چیف ایگزیکٹو افسر باسط مقصود عباسی اور ویمن چیمبر کی صدر قیصرہ شیخ نے معاہدے پر دستخط کئے، جس کے تحت دونوں ادارے خواتین کو اقتصادی ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے اور تربیت فراہم کر کے باعزت روزگار دلانے میں تعاون کریں گے۔ اس موقع پر قیصرہ شیخ نے زور دیا کہ کم آمدن والی خواتین کو صنعتوں کی ضرورت کے مطابق فنی و تکنیکی تربیت فراہم کر کے ملک میں صنعتوں کے لئے کارآمد افرادی قوت تیار کی جا سکتی ہے۔ ٹسڈک کے ترجمان کے مطابق کمپنی نے ویمن چیمبر کے علاوہ دارالامان لاہور، سیالکوٹ اور شہید بےنظیر بھٹو ویمن ڈویلپمنٹ پروگرام کے ساتھ بھی اسی قسم کے معاہدے کئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو فنی و تکنیکی تربیت فراہم کی جا سکے۔

مزیدخبریں