الیکشن کمشن نے ”ووٹر ایجوکیشن پروگرام“ کیلئے چاروں صوبوں کو خط بھیج دیا

Jan 16, 2013

لاہور (سپیشل رپورٹر) سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کمشن نے ملک بھر میں ”ووٹر ایجوکیشن پروگرام“ شروع کرنے کے لئے چاروں صوبائی حکومتوں کو لیٹر جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری بلوں، تمام محکموں کے ویب سائٹ ، اور شہروں میں اہم مقامات پر ووٹر ایجوکیشن کے لئے مہم شروع کر کے بینرز لگا دئیے جائیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب کو محمد افضل خان ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن نے جو لیٹر لکھا ہے اس میں کہا ہے کہ الیکشن کمشن نے ووٹر ایجوکیشن مہم شروع کی ہے تاکہ لو گ موجودہ سال میں ہونے والے الیکشن میں اپنے حقیقی نمائندوں کو منتخب کریں۔ ضروری ہے تمام اضلاع کی انتظامی افسروں کو ہدایات دی جائیں کہ وہ اس میٹرئل کو چھپوا کر لوگوںمیں تقسیم کریں ، الیکشن تک تمام اہم جگہوں پر ووٹر ایجوکیشن کے بینرز لگائے ہوئے ہیں ۔ تمام سرکاری سٹیشنری، بلوں، انوواسیز، لیٹر ہیڈ، سرکاری لفافوں، اور ڈائریز پر ووٹر ایجوکیشن کے پیغامات لکھے جائیں۔ تاکہ لوگوں کو ووٹ کی اہمیت اور اچھے امیدوار منتخب کرنے کی طرف راغب کیا جائے۔ جس پر چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام ڈی سی اوز کو لیٹر لکھ کر ان احکامات پر عملد درآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ 

مزیدخبریں