باغبانپورہ میں ”پولیس مقابلہ“، ایک ڈاکو ہلاک، ورثاءکا شدید احتجاج

Jan 16, 2013

لاہور (اپنے نمائندے سے) زیر حراست ملزموں کو مبینہ پولیس مقابلوں میں پار کرنے کے ماہر ایس ایچ او نے گزشتہ رات گئے روایتی پولیس مقابلے میں باغبانپورہ کے علاقے میں مبینہ ڈاکو کو پار کر دیا جبکہ پولیس کے مطابق ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ڈاکو کی فائرنگ سے کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ باغبانپورہ پولیس نے داروغہ والا کے قریب ناکہ لگا رکھا تھا دو مشکوک افراد کو پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا لیکن انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک نامعلوم ڈاکو ہلاک جبکہ اسکا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے نعش کی شناخت کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق مقابلہ اصلی تھا جبکہ ذرائع نے بتایا کہ ملزم کچھ دنوں سے زیر حراست تھا۔ علاوہ ازیں مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہونے والے ڈاکو کی قاسم ولد جمشید کے نام سے شناخت رات گئے ہوئی اور وہ شادباغ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ رات گئے متوفی کے لواحقین اور اسکے اہل علاقہ نے باغبانپورہ پولیس کیخلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اسے پولیس کی حراست میں مارا گیا ہے اور اس مقابلہ کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔

مزیدخبریں