لاہور (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ نئی جماعت کے قیام کا مقصد نام نہاد قیادت کی پالیسیوں سے ناراض ہو کر گھروں میں بیٹھنے والے نظریاتی کارکنوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، آصف زرداری ہائیکورٹ میں تحریری طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک این جی او قرار دے چکے ہیں اس لئے اس جماعت کی حقیقی کارکنوں کے نام رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا اور یہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے جس کی ناہید خان مکمل پیروی کر رہی ہیں۔ صفدر عباسی نے کہا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں کارکن ہمارے ساتھ ہیں۔ جب تک عدالت میں کیس کا فیصلہ ہو گا تب تک پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے نام سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کی رجسٹریشن کیلئے بھی الیکشن کمشن سے رجوع کر لیا ہے اور اس کے آئین اور عہدیداروں سمیت دیگر لوازمات جلد پورے کر لئے جائیں گے۔
نئی جماعت بنانے کا مقصد ناراض کارکنوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے: صفدر عباسی
Jan 16, 2014