طالبان کے 56 گروپ ہیں‘ مذاکرات کے حامیوں سے حکومت بات چیت کرے گی: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا راستہ اب بھی کھلا ہے‘ طالبان کے 56 گروپوں میں سے جو مذاکرات چاہتے ہیں ان کے ساتھ حکومت مذاکرات کرے گی لیکن جو چند ہزار لوگ آئین پاکستان کو نہیں مانتے ان کے خلاف دوسرا راستہ اختیار کیا جائے گا اور آئین پاکستان کی بالادستی قائم کی جائے گی۔ وہ گزشتہ روز آزادی چوک میں 5 ارب 35 کروڑ روپے کی لاگت سے 670 میٹر لمبے فلائی اوور اور 1620 میٹر کی دونوں اطراف کی چار لین سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں خواجہ احمد حسان‘ بلال یٰسین‘ ملک ریاض‘ میاں مرغوب‘ خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ صحافیوں کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبر 2014ء تک اس منصوبے کو مکمل کر لیا جائے گا جس سے نہ صرف ٹریفک رواں ہو جائے گی بلکہ 1 ارب روپے سالانہ پٹرول کی بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بھاٹی چوک سے نیازی چوک تک روزانہ 2 لاکھ 22 ہزار گاڑیاں گزرتی ہیں‘ ٹریفک کے اژدہام کے باعث وقت اور پٹرول کا ضیاع ہوتا ہے۔  حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے لاہور کا نقشہ تبدیل ہو جائے گا۔ یہ پراجیکٹ بھی وہی ٹیم تیار کروائے گی جس نے ریکارڈ مدت میں میٹرو بس کا پراجیکٹ مکمل کروایا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متاثرین کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا۔ متاثرین سے بات چیت کے لئے صوبائی وزیر بلال یٰسین اور ممبران اسمبلی پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاملات شفاف طریقہ سے مکمل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف بذات خود اس منصوبے کی مانیٹرنگ کریں گے۔ طالبان سے مذاکرات کے معاملے پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تنقید کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خان صاحب خود کنفیوژ ہیں ہم خود ان سے پوچھتے ہیں کہ اس سلسلے میں خیبر پی کے میں خان صاحب کی اپنی پالیسی کیا ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ نے ایم این اے حمزہ شہباز شریف کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ منصوبہ کے روٹ پر واقع پٹرول پمپوں کی لیز عرصہ دراز سے ختم ہو چکی ہے اور ان کی اراضی حکومت پنجاب کی ملکیت ہے۔ بعد ازاں حمزہ شہباز شریف نے فیروز پور روڈ پر ایل او ایس کے مقام پر جاری فیروز پور روڈ کو ملتان روڈ سے ملانے والی دو رویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ 3.84 ارب روپے کی لاگت کا یہ منصوبہ بھی اس برس کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ذکاء اشرف کی بطور چیئرمین پی سی بی بحالی کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ دعا ہے کہ پاکستان کا نام کرکٹ کے میدانوں میں روشن ہو۔ مجھے چیئرمین پی سی بی بننے کی ضرورت نہیں‘ پاکستان بھارت کے درمیان کھیلوں اور تجارت کے روٹ کو بحال ہونا چاہئے۔ یوتھ فیسٹیول میں 40 سے زائد ورلڈ ریکارڈ بنائیں گے۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں امسال بھارت سے بھی کھلاڑی اس میں شرکت کیلئے آ رہے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...