3 خودکشیاں: شیخوپورہ میں چھاپہ، مبینہ گرفتاری کے ڈر سے ڈاکو نے سر میں گولی مار لی

Jan 16, 2015

لاہور + فیروز والا (نامہ نگاران) مختلف وجوہات پر خاتون سمیت 3 افراد نے زندگی ختم کرلی۔ تفصیلات کے مطابق سی آئی اے سٹی لاہور پولیس کے فیکٹری ایریا شیخوپورہ میں چھاپے کے دوران مبینہ طور پر گرفتاری کے ڈر سے ملزم نے خود کو سر پرگولی مار کر خودکشی کرلی ہے۔ سی آئی اے سٹی پولیس کے مطابق زیر حراست ملزم شرافت علی نے دوران تفتیش انکشاف کیا ڈکیتی کی درجنوں وارداتوںمیں ملوث ملزم ارشد میو عرف راشد علی قصور کا رہائشی ہے اور وہ خدیجہ ٹائون تھانہ فیکٹری ایریا ضلع شیخو پورہ میں ایک گھر میں رہائش پذیر ہے جس پرسی آئی اے پولیس ٹیم ملزم کی گرفتاری کے لئے خدیجہ ٹائون پہنچی اور مکان کو چاروں طرف سے گھیرکر مکان کا دروازہ کھٹکھٹایا تو مکان کے اندر سے فائر کی آواز آئی۔ پولیس اہلکاروں نے اندر جا کر دیکھا تو وہاں ارشد فرش پر گرا ہوا تھا جس کے سر کے دائیں جانب سے خون بہہ رہا تھا اور اس کے قریب دائیں جانب ہی پستول پڑا ہوا تھا۔ گرفتاری کے ڈر سے ملزم نے خود کو سر پرگولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔ علاوہ ازیں مصطفی ٹائون کے علاقہ میں گھریلو حالات سے تنگ 26 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر سر میں گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ مصطفی ٹائون کے علاقے 14سی اعظم گارڈن کے انور علی کے بیٹے سجاد علی کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق سجاد علی کا اپنی بیوی کے ساتھ اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ گزشتہ روز اپنے کمرے میں جاکر کنپٹی میں پسٹل کا فائر مارکر خودکشی کرلی۔ فائرنگ کی آواز سن کر اہل خانہ نے دیکھا تو سجاد علی کی نعش کمرے میںخون میں لت پت پڑی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی حالات مشکوک ہونے پر پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں جمع کروا کر تفتیش شروع کردی ہے۔ متوفی مقامی فارمیسی میں کام کرتا تھا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سمندری کے علاقہ ارشد پارک کی تیس سالہ خدیجہ نے گزشتہ روز گھریلو ناچاقی  پر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں۔

مزیدخبریں