اسلام آباد(ایجنسیاں) سپریم کورٹ نے شادی بیاہ میں فضول خرچی اور دکھاوے کے مقدمے میں ون ڈش قانون پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دیتے ہوئے شادی ہالز کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔ یہ حکم تین رکنی بنچ نے جاری کیا، جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دئیے کہ ون ڈش کے قانون پر سوائے لاہور کے اور کہیں عملدرآمد نہیں ہورہا۔ سرعام قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اور انتظامیہ چین کی نیند سوئی ہوئی ہے کیا تمام قوانین پر عملدرآمد کرانا صرف سپریم کورٹ کی ہی ذمہ داری ہے حکومت بھی اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ قانون پر عمل نہ کرنا اسے اور بھی کمزور کردیتا ہے اور قانون کی پرواہ نہ کرنے کو فروغ دیتا ہے۔ کھلے عام دعوتیں اڑائی جارہی ہیں، حکومت قانون پر عملدرآمد کیلئے اپنا فرض نبھائے، سپریم کورٹ صوبائی حکومتوں کو بلاکر عملدرآمد نہیں کراسکتی۔