کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے پیرآباد میں چاغی ہوٹل کے قریب پولیس مقابلہ میں 2 ملزم ہلاک ہوگئے۔ ایس پی اورنگی کے مطابق ملزموں سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی۔ دریں اثناء لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں پولیس مقابلے کے دوران عزیر بلوچ کا قریبی ساتھی ناصر ہلاک ہو گیا۔ مچھر کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران فہیم ستار اور جہانزیب کریم زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔ اسی طرح بلدیہ کے علاقے یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب سے 24 سالہ محمد زاہد جو کنڈکٹر تھا کی تشدد زدہ نعش برآمد ہوئی۔ کورنگی کراسنگ کے علاقے میں سفید مسجد کے قریب نامعلوم افراد نے 35 سالہ عمیر کو گولیاں مارکر زخمی کر دیا۔ اسی طرح حساس اداروں نے کراچی بلوچستان اور افغانستان کے مسلح گروپوں کو فنڈنگ کے الزام میں فش ہاربر پر چھاپہ مارکر مچھلی کے 3 بیوپاریوں اور ایک افغان خریدار احمد خان کو حراست میں لے لیا، احمد خان کابل کا رہائشی ہے۔ دوسری طرف افغان انٹیلی جنس کے 4 اہلکاروں امان اللہ، عزیز، عبدالغفار اور حکمت اللہ کو حکام نے گرفتار کرکے دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں سے رابطوں پر تفتیش شروع کردی۔
کراچی، فائرنگ کے واقعات، پولیس مقابلے، 3 جرائم پیشہ عناصر، 2 نوجوان ہلاک
Jan 16, 2016