اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پی ایس ایف خیبر پی کے وفد نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اور آزاد کشمیر حکومتوں کو طلبہ یونین پر پابندی ختم کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ طلبا کو صحتمند جمہوری سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ سندھ اور آزاد کشمیر کی حکومتیں طلبہ یونین سے متعلق مناسب قانون سازی کریں طلبہ یونین پر پابندی کے خاتمے سے ملک کو نئی سیاسی قیادت ملے گی۔ پابندی کے خاتمے سے جمہوری کلچر اور برداشت کو فروغ ملے گا۔ طلبہ یونینز پر تین دہائیوں سے پابندی آمر ضیاء کا تباہ کن ورثہ ہے۔ پی پی اپنے نظریات سے کبھی انحراف نہیں کر سکتی الیکشن میں ہار جیت سے زیادہ نظریہ اہمیت رکھتا ہے۔ ضیاء الحق کے اس ورثے کو ختم کیا جانا ضروری ہے۔ اس بات پر خوش ہوں کہ سینٹ نے طلبہ یونین پر پابندی ختم کرنے کا معاملہ اٹھایا۔