اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے گذشتہ روز آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوو، چیف آف سٹیٹ بارڈر سروس کرنل جنرل الچین گلیو اور چیف آف نیوی کیپٹن فرسٹ رینک شاہین مما دوو سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی مفادات کے اُمور، دفاع اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے مختلف شعبوں کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان باہمی احترام اور ہم آہنگی کی بنیاد پر قریبی اور مضبوط تعلقات قائم ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ کے اس دورے سے دونوں کے درمیان تعاون میںمزید اضافہ ہو گا۔