اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان اور نئی امریکی حکومت کے درمیان سفارتی رابطوں کا آغاز نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے کے بعد ہوگا تاہم باقاعدہ سفارتی رابطے آئندہ ماہ کے اوائل سے شروع ہو جائیں گے۔پاکستان کے نئی امریکی حکومت کے ساتھ سفارتی اور دوطرفہ تعلقات اوبامہ انتظامیہ سے زیادہ مربوط ہو سکتے ہیں جبکہ پاکستان اور نئی امریکی حکومت کے اعلی سطح کے وفود جلد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے دورے بھی کریں گے جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان باضابطہ ملاقات کا شیڈول طے کیا جا سکتا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات مربوط ہونے کی صورت میں ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے دورے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ باخبر سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے بعد نئی امریکی حکومت کی پاکستان کیلیے اب تک کی یہ سفارتی پالیسی سامنے آئی ہے کہ ٹرمپ حکومت پاکستان کے ساتھ مربوط سفارتی تعلقات چاہتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان فی الحال دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر گامزن ہے۔
پاکستان نئی امریکی انتظامیہ سے رابطے آئندہ ماہ شروع کرے گا
Jan 16, 2017