اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جلسوں میں بڑھکیں مارنے کی بجائے عدالت میں ثبوت دیں، نواز شریف سے حسد نے انہیں ذہنی مریض بنا دیا، ان کا کوئی علاج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبر پی کے کا وہ سرکاری سکول دکھائیں جہاں ان کے بچے پڑھتے ہوں، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سوتے جاگتے وزیراعظم کا خیال ستاتا ہے، عدالت میں مریم نواز فلیٹس کی مالک نہیں نکلیں، وہ عدالت میں ایک بھی الزام ثابت نہیں کرسکے، انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو مبارک ہو وزیراعظم ڈیووس کیلئے روانہ ہو چکے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے والے کو اللہ تعالی کبھی معاف نہیں کرتا، میں چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی انہیں ہدایت دے۔