گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گوجرانوالہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا ۔ سی آئی اے پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ناکہ بندی کرتے ہوئے چندا قلعہ سے مشکوک کار سے ناجائزاسلحہ کی بھاری کھیپ پکڑ لی اور 2 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ برآمداسلحہ میں 20پسٹل اور 13ہزار گولیاں شامل ہیں۔گرفتار ملزموں میں خیبر ایجنسی کا رہائشی مزاری اور سرگودھا کا تعظیم شامل ہے ۔تفصیلات کے مطابق سی آئی اے پولیس اور حساس اداروں کو اطلاع ملی کہ شر پسند عناصرناجائز اسلحہ کی بھاری کھیپ لے کر گوجرانوالہ شہر میں داخل ہو رہے ہیں ۔جس پر شہر کے داخلی راستوں کی ناکہ بندی کی گئی۔چنداقلعہ ناکہ بندی کے دوران لاہور سائیڈ سے آتے ہوئے ایک مشکوک سوزوکی کار نمبر Lzz/3675 کو روک کر تلاشی لی۔ دوران تلاشی کار میںرکھے ہوئے سی این جی سلنڈراور خفیہ خانوں سے اسلحہ اور ایمونیشن کی بھاری مقدار برآمد ہوئی ۔ملزموں فردوس اور تعظیم کو حراست میں لے کر ابتدائی تفتیش عمل میں لائی گئی ۔ملزموں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ شہر میں اسلحہ ڈیلروں سمیت شر پسند عناصر کو اسلحہ کی کھیپ پہنچانا چاہتے تھے ۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغا ز کر دیاگیا ہے ۔ اہم انکشافات کی توقع ہے ۔