لاہور(آئی این پی)جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں سے اتحاد ہوسکتا ہے‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت گرانے والے کسی احتجاج اور دھرنے میں شریک نہیںہوں گے‘ کرپشن کے خاتمے کیلئے ہم بھی آواز بلند کرتے ہیں‘ وزیراعظم نوازشریف کو بلوچوں سے کئے جانے والے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا۔ گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کے قیام کیلئے افواج پاکستان کا اہم کردار ہے مگر وہاں کی صوبائی حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے ان کو پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے آج بھی احساس محرومی موجود ہے۔ اگر بلوچستان میں کوئی بیرونی مداخلت ہو رہی ہے تو اس کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر نا حکومت کی ذمہ داری ہے ہم پاکستان کے آئین اور قانون کو تسلیم کرتے ہیں اور جمہوریت کے ساتھ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ زین بگٹی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں سے اتحاد ہوسکتا ہے مگر اس بارے فیصلہ وقت آنے پر ہی کیا جائے گا۔