لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی غفلت و لاپرواہی کے باعث بی اے کے پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے سلیبس کی تقسیم نہ کی جا سکی۔ اپریل 2017میں ہونیوالے سالانہ امتحان کی تیاری کرنیوالے ہزاروں طلباء تاحال پارٹ ون کے سلیبس کی تلاش میں لگے ہیں جبکہ امتحان میں صرف 2ماہ رہ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پہلے بی اے پارٹ ون اور ٹو کا اکٹھا امتحان لیا جاتا تھا اور بی اے کا سلیبس بھی اکٹھا تھا گزشتہ سال پارٹ ون اور پارٹ ٹو کا علیحدہ علیحدہ امتحان لینے کا فیصلہ ہوا لیکن یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ پارٹ ون اور ٹو کے امتحان میں انگلش سمیت دیگر مضامین کے کون سے حصے شامل کئے گئے اور کون سے حصوں سے سوالیہ پیپر بنایا جائے گا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر پارٹ ون کے 400نمبر رکھے گئے ہیں پارٹ ون میں اسلامیات اور مطالعہ پاکستان کے 100نمبر، انگلش کے 100نمبر، 2اختیاری مضامین کے 200نمبر شامل ہیں۔ اسی طرح پارٹ ٹو کے بھی 400نمبر رکھے گئے ہیں جن میں انگلش کے 100نمبر، 2اختیاری مضامین کے 200نمبر اور آپشنل مضمون کے 100نمبر رکھے گئے ہیںجبکہ ویب سائٹ پر سلیبس کی تقسیم موجود ہے نہ ہی مارکیٹ میں سلیبس کی تقسیم کے حوالے سے کتابیں موجود ہیں جس سے ہزاروں طلباء اور ان کے والدین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور طلباء کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے۔
پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی غفلت، بی اے پارٹ ون، ٹو سلیبس کی تقسیم نہ ہو سکی
Jan 16, 2017