لاہور (فرخ سعید خواجہ) وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے تحریک انصاف سپریم کورٹ میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے اور مسلم لیگ ن کا خیال نہیں کہ فاضل عدالت وزیراعظم کے خلاف فیصلہ دے گی۔ انہوں نے مزید کہا وزیراعظم یا ان کے بچوں کے خلاف فیصلہ آیا تو وزیراعظم کے ساتھ ہی ان کی کابینہ بھی مستعفی ہوجائے گی۔ وہ گزشتہ روز ریلوے ریسٹ ہائوس میوگارڈن میں سینئر صحافیوں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزراء زعیم حسین قادری اور رانامشہود احمد بھی موجودتھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا مسلم لیگ ن اپنی پانچ سالہ میعاد حکومت کے آخری 24 گھنٹے بھی پورے کرے گی۔ قبل ازیں انتخابات کرانے کی کوئی تجویز مسلم لیگ ن کے زیر غور نہیں۔ آئندہ الیکشن میں سیاسی منظرنامے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا مسلم لیگ ن الیکشن سے پہلے اپنے بہت سے میگا پراجیکٹس مکمل کرلے گی جن میں انرجی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بااعتماد انداز میں ساہیوال میں بجلی کے منصوبے سمیت بکھی والہ اور دیگر منصوبوں کا ذکر کیا اور کہا الیکشن سے پہلے ملک سے بجلی کی کمی اور لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی۔ انہوں نے بالخصوص پنجاب میں شہباز شریف کی نگرانی میں منصوبہ جات کی ناقابل یقین تیز رفتاری سے آگے بڑھنے کا ذکر کیا۔ انہوں نے سی پیک میں شامل اورنج ٹرین منصوبے کے بارے میں کہا بلاشبہ قانونی چارہ جوئی سے منصوبے کی تکمیل میں مشکلات آئی ہیں تاہم شہباز شریف کو چھ آٹھ ماہ بھی مل گئے تو وہ عام انتخابات سے پہلے اورنج لائن ٹرین منصوبے کو مکمل کردیں گے۔ تحریک انصاف کے پنجاب میں سیاسی مستقبل کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا ان کے خیال میں پنجاب میں تحریک انصاف کا کوئی مستقبل نہیں۔ مسلم لیگ ن ایسی سیاسی حکمت عملی بنا رہی ہے جو پنجاب میں تحریک انصاف کے قدم جمانے کے منصوبوں کی راہ میں مشکل کھڑی کردے گی۔