اوچ شریف (آن لائن) سوشل میڈیا پر آشنائی کا بھیانک انجام نکلا، لڑکی نے انجینئر کو قتل کرواکر رقیب سے شادی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے علاقہ پرانا ساہیوال کی رہائشی ایم فل کی طالبہ ملزمہ وحیدہ اور بھکر کے ذیشان کی سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی، ذیشان اوچ شریف میں نجی تعمیراتی کمپنی میں بطور سپروائزر ملازم تھا، دونوں نے ایک دوسرے سے شادی کے وعدے کئے۔ ایک ماہ قبل ذیشان نے شادی سے انکار کیا تو ملزمہ نے اپنے دوسرے دوست وقاص جو اس سے شادی کا خواہشمند تھا کے سامنے شرط رکھی کہ اگروہ ذیشان کو قتل کردے تو وہ اس سے شادی کر لے گی۔ ملزم وقاص ذیشان کو مبینہ طور پرقتل کر کے فرار ہو گیا اور دونوں نے شادی کرلی، تھانہ اوچ شریف پولیس نے کال ڈیٹا کے ذریعے ملزمان کوٹریس کرکے ملزم جوڑے کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمدکرلیا۔