نیوز لیکس رپورٹ سامنے لائیں بیان دینے والے کے کرتوتوں کا علم ہوجائیگا: ترجمان نثار

اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے سابق وزیراطلاعات پرویز رشید کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو شخص آج تک کونسلر کا الیکشن نہ لڑا ہو وہ مسلم لیگ کا خود ساختہ پردھان منتری بن بیٹھا ہے، نیوز لیکس کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے تو بیان دینے والے شخص کے کرتوتوں کا علم سب کے سامنے آ جائیگا۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چوہدری نثار علی خان کسی ایسے شخص کی مضحکہ خیز باتوں کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے جس کا خود مسلم لیگ (ن) سے تعلق واجبی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے ایک ایسا شخص جس نے آج تک کونسلر کا الیکشن نہ لڑا ہو اور جس کی بیشتر زندگی ایک دوسری پارٹی میں گزری ہو تعجب ہے وہ آج مسلم لیگ (ن) کا خود ساختہ پردھان منتری بن بیٹھا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے بہتر ہوگا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی خود نیوزلیکس رپورٹ منظر عام پر لانے کے احکامات جاری کردیں تاکہ بیان دینے والے شخص کے کرتوتوں کا علم سب کے سامنے آ جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کیا یہ انتہائی ستم ظریفی نہیں ہے کہ پاکستان کی فوج کے بارے میں مودی جیسی سوچ رکھنے والا شخص پاکستان کی خالق جماعت کا سیاسی وارث بن بیٹھا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...