ترقی کیلئے جی ڈی پی کا 5 فیصد تعلیم پر خرچ کرنا ہوگا: فاروق ستار

Jan 16, 2018

لاہور (کلچرل رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ تعلیم بہت اہم شعبہ ہے اس پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ہم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتے جب تک ہم جی ڈی پی کا پانچ فیصد تعلیم پر خرچ نہیں کریں گے۔ ہماری پہلی‘ دوسری اور تیسری ترجیح تعلیم ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقریب میں مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم ایک ساتھ ہے اور اس کی وجہ تعلیم ہے سیاسی نقصانات اپنی جگہ اچھے مقاصد کے لئے ہم ایک ساتھ ہیں۔ میری یہاں آمد کا کوئی سیاسی مقصد نہ سمجھا جائے۔ حکومت پنجاب کے اس پراجیکٹ میں ایک خاص بات یہ ہے کہ جو پڑھایا جائے گا اس کی مانیٹرنگ بھی ہوگی۔ ہماری پالیسیوں میں استقلال ہونا چاہئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ جو کچھ کررہے ہیں اس پر ہمیں اپنے عزم اور حوصلوں کو بلند رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سانحہ ماڈل ٹائون پر غیر جانبدار جے آئی ٹی نہ بنائی گئی تو بہت بڑا نقصان ہوگا۔

مزیدخبریں