کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں خاتون اسکول ٹیچر سمیت 2 افراد قتل جبکہ فائرنگ کر کے سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افرادکو زخمی کر دیا گیا۔ کھوکھرا پار کے علاقے سعودیہ کالونی میں رہنے والی 25 سالہ روزینہ دختر محمد حیات خان کو پیر کی دوپہر اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ محمدی مارکیٹ پاکستان ہوٹل کے قریب بنک سے رقم نکلوا کر جا رہی تھی‘ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اس سے رقم چھینی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے اسے ہلاک کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔ مقتولہ روزینہ اسکول ٹیچر اور غیر شادی شدہ تھی۔ ادھر کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ میں نامعلوم افراد نے ایک دکاندار 28 سالہ نذیر ولد شاہنواز کو اینٹ سے سر کچل کر ہلاک کر دیا‘ مقتول نذیر اتوار کی شب دکان بند کر کے نکلا تھا جس کے بعد پیر کی صبح اس کی لاش ہارون بلڈنگ کے قریب زیرتعمیر عمارت سے ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول نذیر اندرون سندھ خیرپور کا رہائشی تھا اور دو سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی۔ دریں اثناء اورنگی ٹائون کے سیکٹر 11 میں الفتح قبرستان کے قریب ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 30 سالہ شاہد ولد خلیل احمد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں نرسری کے قریب بھی رقم چھیننے کے دوران مزاحمت پر 45 سالہ قمر زمان ولد حفیظ کو فائرنگ کر کے زخمی کیا گیا جبکہ گلشن اقبال کے علاقے عظیم گوٹھ میں امام بارگاہ پر تعینات سیکورٹی گارڈ محمد علی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔
کراچی: خاتون ٹیچر سمیت 2 افراد فائرنگ سے ہلاک
Jan 16, 2018