اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ایرانی سپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ اسلامی ملکوں کی انٹرپارلیمنٹری یونین، علاقے کے مسلمان عوام اور امت اسلامیہ کی آواز ہے۔ او آئی سی کی انٹرپارلیمنٹری یونین کی جنرل کمیٹی کا بیسواں اجلاس پیر کو تہران میں شروع ہو گیا جس میں چوالیس ملکوں کے پارلیمانی سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سمیت مختلف پارلیمانی وفود شریک ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ اسلامی ملکوں کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مسئلہ فلسطین سبھی اسلامی ملکوں کے نزدیک ایک اہم ترین مسئلہ ہے۔ تہران اجلاس بہترین موقع ہے کہ اسلامی ممالک فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اعلان کریں۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے علاقے میں دہشت گردی کے بحران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے نے اسلامی ملکوں کے سامنے پیچیدہ مشکلات کھڑی کر دی ہیں اس لئے ان مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لئے سب کو متحد ہو جانا چاہئے اور ایران بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلامی ملکوں کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات اور اقدامات دنیا کو ماڈرن وحشی گری کی جانب لے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ او آئی سی کی انٹرپارلیمنٹری یونین کا سربراہی اجلاس منگل کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور پارلیمنٹ کے سپیکر کی شرکت سے شروع ہو گا اور بدھ کی شام تک جاری رہے گا۔
دہشتگردی کیخلاف اسلامی ملکوں سے تعاون کیلئے تیار ہیں: ایرانی سپیکر
Jan 16, 2018