شام اور ہماری سرحد پر تعیناتی کیلئے دہشت گرد فورس بنانے کا امریکی منصوبہ ناکام بنا دینگے :اردگان

ماسکو+ انقرہ (آئی این پی+ نیوز ایجنسیاں) ترکی نے کہا ہے کہ امریکہ کے علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم پی کے کے /پی وائی ڈی کو فوجی شکل دینے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں اور اپنی طرف آنے والے ہر طرح کے خطرے کو برطرف کرنے کے معاملے میں پر عزم ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم پی وائی ڈی /وائی پی جی کے امریکی تعاون سے شام کی نام نہاد "سرحدی سکیورٹی فورس" بنانے کی تیاریوں میں ہونے سے متعلق بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کے بعد انقرہ میں امریکہ کے چارج ڈی افئیر کو 10 جنوری کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ آئی این پی کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ ترک مسلح افواج کے دستے شمالی شام میں میں کرد ملیشیا گروپوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کرنے ہی والے ہیں۔ فوجی آپریشن اگلے چند روز میں شروع ہو جائے گا۔ ترک صدر کے مطابق فرات کی ڈھال نامی اس آپریشن کے دوران ترک دستے ان شامی علاقوں میں اپنی سرگرمیاں بڑھا دیں گے۔ ٹی وی پر خطاب کرتے اردگان نے کہا کہ امریکہ مانتا ہے ہم سرحدی فورس بنانا چاہتے ہیں۔ ہمارے بارڈر پر دہشت گرد فورس کا قیام روکیں گے۔ ٹی وی پر خطاب کرتے کہا۔ اے پی پی کے مطابق رو سی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ شام میں جو ڈرونز پکڑے گئے ہیں وہ اتنے جدید اور موثر ہیں کہ پوری دنیا کے لئے خطرہ بن سکتے ہیں جبکہ یہ ڈرون ایسی جیمنگ ٹیکنالوجی سے بھی لیس ہیں جن کی مدد سے یہ اپنی حرکات و سکنات سے کسی بھی ٹیکنالوجی سے دور رہ سکتا ہے۔ روس کے خبررساں ادارے کے مطابق اتنی جدید کارکردگی کے بارے میں سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ان کی تیاری میں انتہائی پیچیدہ قسم کے جدید ترین سافٹ ویئر استعمال ہوئے ہیں اور ان کو جن اسلحہ سے لیس کیا گیا ہے وہ بھی گائیڈڈ میزائل سے کم نہیں جبکہ اس میں دھماکہ خیز اشیاء بال بیئرنگ سے بھرے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے ہلاکت آفرین اور بھی خطرناک حد تک بڑھ جاتی ہیں۔ ترک مسلح افواج کی شام میں دہشت گرد تنظیم ’’پی کے کے اور پی وائے ڈی‘‘ کے ٹھکانوں پر توپوں سے گولہ باری جاری ہے۔ ترکی کے نشریاتی ادارے کے مطابق مسلح افواج نے شام کے شہر آفرین، حاسا اور کرک خان تحصیلوں سمیت دیرے، میمیلان، مسکن لی اور راکو کے علاقوں میں دہشت گرد تنظیم ’’پی کے کے اور پی وائے ڈی‘‘ کے ٹھکانوں پر توپوں سے گولہ باری کی جس سے متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ دوسری جانب ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے چھٹے ضلعی اجلاس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ وہ شام کی دہشت گرد تنظیم کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد نے ترک صدر سے ملاقات کی۔ خلیجی ممالک کے ساتھ کشیدگی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر دی نیشن