فلیشمینز ہوٹل کے قیام کے 138سال مکمل ہونے پرشاندار تقریبات کا اہتمام ہو گا

راولپنڈی (نوائے وقت نیوز)پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اپنے فلیشمینز ہوٹل راولپنڈی کے قیام کے 138سال مکمل ہونے پر تقریبات کا اہتمام کر رہا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی ،چوہدری عبدالغفور خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فلیشمینز ہوٹل کی 138ویں سالگرہ کی تقریبات 28اور 29جنوری کو منعقد کی جا رہی ہیں۔ تقریبات کے پہلے روز شہدا کے لواحقین کو مدعو کیا جائے گا اور یادگاری شیلڈ ز پیش کی جائیں گی۔ فلیشمینزہوٹل کو مغلیہ طرز پر سجایا جائے گا اور تقریبات میں مہمانوں کی آمد بگھیوں اور ہاتھیوں پر ہو گی جبکہ سٹالز پر ہیر رانجھا اور دیگر لوک داستانوں کے کردار بھی پرفارمنس دیں گے۔ اس موقع پر لیزر لائٹ شو کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔ تقریبات کے دوسرے دن میوزیکل نائٹ اور ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 29جنوری کو عالمی ادارہ ِ سیاحت (یو این ڈبلیو ٹی او) کی ورکشاپ بھی منعقد کی جارہی ہے جس کے شرکا بھی سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی ،چوہدری عبدالغفور خان نے بتایا کہ پی ٹی ڈی سی ملک میں سیاحت کے فروغ و ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور گزشتہ ہفتے ہی اسلام آباد سٹی ٹور بس سروس کا اجرا ء کیا گیا ہے۔ ملک میں بحالی ِ امن کے باعث سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔غیر ملکی سفیروں سے ملاقاتوں ، بیرون ِ ملک سیاحتی کانفرنسز، ورکشاپس وغیرہ میں شرکت اورپاکستان کی سیاحت کی ترویج، میڈیا میں کوریج اور دیگر کئی عوامل کے باعث دنیا میں پاکستان کی سیاحت کے شعبے کا مثبت تاثر پیش ہو ا ہے جس سے آنے والے دنوں میں دیرپا نتائج ظاہر ہوں گے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کو ایڈونچر ٹورازم کے حوالے سے نمبرون قرا ردیا گیا ہے جبکہ برٹش بیگ پیکرز سوسائٹی کی رپورٹ کے مطابق 2018بہت اہم ہے جس میں سیاحت کے لئے پاکستان کو پہلے 20بہترین ممالک میں شمار کیا گیا ہے۔ ایونٹ کمپنی ایف ایم جی گلوبل کے ڈائریکٹر ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) فیصل طارق نے ایونٹ کو مؤثر طریقے سے منعقد کرنے پر پریزنٹیشن پیش کی جس میں تمام پہلوؤں پر مناسب روشنی ڈالی گئی۔ ظفر بابر نے ان تقاریب میں شامل کیے جانے والے مختلف ایونٹس پر بریفنگ دی۔

ای پیپر دی نیشن