کراچی (کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے اسٹاک مارکیٹ میں بروکریج کے کاروبار کو آسان بنانے اور بروکروں پر ریگولیٹری بوجھ کم کرنے کے لئے، بروکرز کو لائسنس جاری کرنے اور سالانہ تجدید کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ کمیشن کی جانب سے بروکرز کی لائسنسنگ رجیم میں منظور کی گئی تبدیلیاں ، متعلقہ قوائد و ضوابط میں ترامیم کے ذریعے جلد نافذ کی جائیں گی۔ کمیشن نے فیصلہ کیا ہے سیکیورٹیز کے بروکر کو صرف ایک ہی لائسنس حاصل کرنا ہو گا اور اب لائسنس شدہ سکیورٹیز بروکر کو دیگر لائسنس جیسے کہ فیوچر بروکریج کا لائسنس ، سکیورٹیز ایڈوائزر کا لائسنس ، فیوچر ایڈوائزر کا لائسنس اور ایسے دیگر لائسنس حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق سکیورٹیز بروکر کا لائسنس حاصل کرنے یا لائسنس کی سالانہ تجدید کے لئے ، ایک سکیورٹیز بروکر کو صرف پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی سفارش کے خط کے ہمراہ مذکورہ بروکر کی جانب سے حلف نامہ اور لائسنس کی فیس جمع کروانی ہو گی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور بروکروں کی آسانی کے لئے ، ایس ای سی پی نے تمام بروکرز کے لائسنس کے خاتمے اور سالانہ تجدید کے لئے ایک ہی حتمی تاریخ کا تصور بھی متعارف کروا نے کی منظوری دے دی ہے۔