لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ 70 سال کی غلط معاشی پالیسیوں کے باعث مسائل کا سامنا ہے۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تاہم پاکستان کی فارما سیوٹیکل کی ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لئے حکومت اور ایسوسی ایشن مل کر کام کرے گی اور اگلے دو سے تین برسوں میں فارما سیوٹیکل کی ایکسپورٹ دو ارب ڈالر تک لے جائیں گے ۔ ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تین مہینوں میں 70 سال کے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے ہیں۔ ہمیں ملک کو مستحکم کرنے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔انہوں ںے کہا کہ ہمیں گزشتہ حکومتوں کی جانب سے لیے گئے قرضوں کا سود بھی ادا کرنا پڑ رہا ہے، موجودہ حکومت کو تھوڑا سا وقت دیا جائے جلد حالات بہتری کی جانب گامزن ہوں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب )کو پاکستان تحریک انصاف نے نہیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے اختیارات د یئے تھے اور ہم بھی اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔چیئرمین نیب کی پارلیمنٹ میں طلبی کے سوال پر گورنر پنجاب نے کہا کہ ہر ادارہ پارلیمان کو جوابدہ ہے اور اگر چیئرمین نیب پارلیمنٹ میں آکر جواب دیتے ہیں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔
گورنر پنجاب