لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے نیب کی تحویل میں رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دئیے ہیں۔ اسمبلی اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ہم نے خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دئیے ہیں۔ خواجہ سلمان فوراً بھی اسمبلی میں آسکتے ہیںاور کل بھی آسکتے ہیں، یہ ایک تاریخی کام ہے۔ اس سے پہلے پروڈکشن آرڈرز کا اختیا کے پی کے ، سندھ ،بلوچستان اور وفاق سمیت تمام اسمبلیوں کے پاس تھا جبکہ پنجاب اسمبلی کے پاس نہیں تھا۔ پروڈکشن آرڈر زکے معاملے میںوزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ عثمان بزدار، وزیر قانون بشارت علی راجہ اور تمام ارکان اسمبلی سے مشاورت کی گئی۔ اپوزیشن اس ایوان کا حصہ ہے ان کی رائے کی قدر کرتا ہوں۔ پروڈکشن آرڈر کا کریڈٹ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو جاتا ہے۔ بطور سپیکر، اسمبلی کے استحکام کے لیے جدوجہد کرنا میری ذمہ داری ہے جس کے لیے میں دل و جان سے کوشاں رہوں گا۔ ہم نے بنیاد رکھ دی ہے بنیاد مضبوط ہو گی تو بلڈنگ بھی مضبوط ہو جائے گی۔ بعد ازاں سپیکر چودھری پرویز الٰہی کے آرڈرز پر نیب حکام رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کو پنجاب اسمبلی لائے اور انہوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
پرویزالٰہی
پروڈکشن آرڈر پر سلمان رفیق کی اسمبلی اجلاس میں شرکت‘ تاریخی کام ہے : پرویزالٰہی
Jan 16, 2019