لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی گرفتار رکن اسمبلی کی اجلاس میں شرکت کےلئے سپیکر کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری کئے گئے، نیب لاہور کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے پر خواجہ سلمان رفیق کو پنجاب اسمبلی لاکر سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کیا گیا۔ ایوان نے تین ماہ تک حلف نہ اٹھانے پر اسمبلی رکنیت ختم کرنے اور پاک فوج کی جانب سے بھارتی ڈرون گرانے کے حق میں قراردادیں منظور کر لی گئیں۔ اجلاس سپیکر چوہدری ویز الٰہی کی صدارت میں دو گھنٹے دس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ خوراک اور اوقاف ومذہبی امور کے محکموں سے متعلق سوالوں کے جوابات دئیے گئے۔ سلمان رفیق کی آمد پر لیگی ارکان نے اسمبلی نے پرتپاک استقبال کیا۔ انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ اس موقع پر اپنی قیادت کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر سپیکر کا شکر گزار ہوں۔ حکومت میںآنے کی کوئی باریاں نہیں ہوتیں لیکن جانے کی ہوتی ہیں، خواجہ سلمان رفیق نے ایوان میں فیض احمد فیض کی نظم بھی پڑھی۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا آج عمران خان، پرویز الٰہی اور عثمان بزدار زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا جاتا تو اچھا ہوتا، پرویز الٰہی کی سپیکر شپ میں اس اسمبلی نے مثبت کردار ادا کیا ہے، آئندہ بھی جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے کردار ادا کریں گے، اپنی انا سے بڑھ کر فیصلے کرنا چاہیے۔ گزشتہ چند دنوں میں مرکز میں گرما گرمی ہے اگر سیاسی جماعتیں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تو جمہوریت مضبوط ہو گی، تلخ فیصلہ وقتی طور پر ہوتا ہے لیکن اس کے نتائج دور رس ہوتے ہیں، اس اقدام پر پورا ایوان مبارکباد کا مستحق ہے، اگر ضرورت پڑی تو عمران خان اور عثمان بزدار یہ نہیں دیکھیں کس کو فائدہ ہو رہا ہے بلکہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے فیصلے کریں گے۔ پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی نے کہا کہ خواجہ سلمان رفیق کی ایوان میں آمد پر سپیکر پرویز الٰہی اور سب کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے مل کر کام کیا، سب کا رویہ مثبت ہے ۔ قبل ازیں تحریک انصاف کی رکن مومنہ وحید نے رولز کی معطلی کی تحریک پیش کرکے ایک قرارداد پیش کی جس کے مطابق اگر کوئی رکن کامیاب ہونے کے بعد تین ماہ تک حلف نہیں اٹھاتا تو اس کی اسمبلی رکنیت ختم ہو جائے گی، اسمبلی رکن خالی نشست کے حوالے سے آئین میں ترمیم کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ غیر سرکاری ارکان کے دن پاک فوج کی جانب سے بھارتی جاسوس ڈرون گرانے کے حق میں قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر خوراک کی جانب سے سوالوں کے تسلی بخش جوا ب نہ آنے پر سپیکر پرویز الٰہی بھی برہم ہو گے۔ سپیکر نے وزیر خوراک سے کہا کہ تیاری کرکے آیا کریں۔ شوگر ملز کے حوالے سے حکومت نے پالیسی بنائی ہے تو وہ دکھا دیں۔ صوبائی وزیر نے کہا میرے پاس ڈرافٹ ہے لیکن سپیکر اس سے مطمئن نہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کابینہ کے اجلاس میں پالیسی کی منظوری لی جائے اور اسے ہاﺅس میں لایا جائے۔
پنجاب اسمبلی