کراچی (کرائم رپورٹر) آڈیٹوریم سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد میں پولیس ریفارمز کمیٹی/ پولیس اصلاحات کے آغاز کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرسید کلیم امام نے بحیثیت آئی جی سندھ محکمہ پولیس سندھ کی نمائندگی کی انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ پولیس ریفارمز کمیٹی/ پولیس اصلاحات جیسے اقدامات اٹھانے اور ان پر عملدرآمد سے بالخصوص کریمنل جسٹس سسٹم کو صوبائی سطح پر مؤثر اور مربوط بنانے سمیت کیسز کی تفتیش تحقیق اور چھان بین سے متعلق مجموعی کاوشوں اور ترجیحات کو نہ صرف تقویت ملے گی بلکہ اس عمل سے پولیس کارکردگی پر بھی مثبت اور نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں سندھ پولیس شعبہ تفتیش میں وقتاً فوقتاً متعارف کردہ اصلاحات اور نمایاں سدھار جیسے اقدامات کا تفصیلی احاطہ کرتے ہوئے کہاکہ اچھے اور باصلاحیت پولیس افسران کی تقرریوں سے کراچی پولیس کے شعبہ تفتیش کو ٹاؤن کی سطح پر مزید تقویت دی جا رہی ہے اس ضمن میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کی پوسٹ بھی علیحدہ سے تشکیل دی جا رہی ہے ۔