یورپی ملک لگسمبرگ میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان

 یورپ کے سب سے چھوٹے ملک لگسمبرگ میں بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا جس کے بعد حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان کردیا۔لگسمبرگ کی وزارت موبیلیٹی اینڈ پبلک ورکس نے ٹریفک مسائل سے نمٹنے کے لیے مارچ 2020 سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو عوام کے لیے مفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔حکومت کے اعلان کے بعد ٹرین، ٹرام اور بسوں پر شہری مفت سفر کرسکیں گے اور حکومت کے اس فیصلے سے دفاتر جانے والے، کاروباری شخصیات اور عام شہری پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں گے اور سڑکوں پر ٹریفک کا دبائو کم ہوگا۔ترجمان وزارت پبلک ورکس ڈینی فرینک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت کے فیصلے سے سڑکوں پر ٹریفک کا دبا ئوکم کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے ماحولیاتی فوائد بھی حاصل ہوں گے۔یاد رہے کہ لگسمبرگ کا شمار یورپ کے امیر ترین ممالک میں ہوتا ہے جس کی پر کپیٹا جی ڈی پی یورپی یونین میں سب سے زیادہ ہے۔چھ لاکھ 2 ہزار نفوس پر مشتمل اس ملک میں اوسطا ہر ایک ہزار افراد میں سے 662 کے پاس گاڑیاں ہیں اور گاڑیاں سڑکوں پر آنے سے شہریوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ملک کے دارالحکومت لگسمبرگ سٹی سے بیلجیئم، فرانس اور جرمنی بذریعہ کار تقریبا ڈیڑھ گھنٹے میں پہنچا جاسکتا ہے اور رقبے کے اعتبار سے 2 ہزار 586 اسکوائر کلومیٹر پر مشتمل یہ ملک جزیرہ روڈ کے برابر ہے۔

ای پیپر دی نیشن