کوئی وزیراعظم اس ملک میں این آر او دینے کے قابل نہیں:خواجہ سعدرفیق

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ این آر او کی بات احمقانہ ہے، کوئی وزیراعظم اس ملک میں این ار او دینے کے قابل نہیں ہے،اپوزیشن کے اتحاد کا کریڈٹ عمران خان کی بچگانہ اور انتقامی پالیسیوں کو دینا چاہیے،متحدہ پوزیشن بنے گی تو حکومت پر دباو بڑھے گا ، احتساب کے پورے نظام پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔اسلام آباد میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں کبھی بھی احتساب کے نام پر احتساب نہیں کیا گیا، چاہے مارشل لا ہو یا ہمارا اپنا دور، احتساب کے پورے نظام پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد کا کریڈٹ عمران خان کی بچگانہ اور منتقمانہ پالیسیوں کو دینا چاہیے،اس غیر سنجیدہ حکومت سے ملک سنبھالا نہیں جارہا، ملک ان کی پالیسیوں سے لرز رہا ہے جب کہ میں اپوزیشن اتحاد کی حمایت کرتا ہوں کہ کیوں کہ یہ اتحاد وقت کی ضرورت تھا، متحدہ پوزیشن بنے گی تو حکومت پر دباو بڑھے گا۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد اپنے آپ کو بچانے کیلئے نہیں بنایا گیا ، اگر حکومت ملک کو ٹھیک طریقے سے نہیں چلایا گیا تو اپوزیشن ٹف ٹائم دے گی جب کہ کوئی وزیراعظم اس ملک میں این آر او دینے کے قابل نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن