جوہانسبرگ( آن لائن ) 13 واں آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ (کل) جمعہ سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا، ابتدائی روز ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں میزبان جنوبی افریقہ اور افغانستان کی انڈر 19 ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ میگا ایونٹ میں 16 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں مکمل کر لیں گئی ہیں۔ پاکستان کو گروپ سی میں بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کا 13 واں ایڈیشن (کل) جمعہ سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا، میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں مکمل ہوگئیں ہیں۔ میگا ایونٹ میں شامل 16 ٹیموں میں میزبان جنوبی افریقہ، پاکستان، بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، نائیجیریا، سکاٹ لینڈ، زمبابوے، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور افغانستان شامل ہیں جن کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نائیجیریا اور ویسٹ انڈیز کو رکھا گیا ہے۔ گروپ سی میں پاکستان، بنگلہ دیش، سکاٹ لیند اور زمبابوے شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں افغانستان، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارت ہیں۔ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ 2020 میں اپنا پہلا میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف 19 جنوری کو پوچیف سٹروم میں کھیلے گی۔24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 9 فروری کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 22جنوری کو زمبابوے کے خلاف بلوم فونٹین میں کھلے گی۔ گروپ مرحلے میں پاکستان ٹیم اپنے آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف 24 جنوری کو مد مقابل ہوگی۔ ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کیلئے نبردآزمائی کریں گی۔ ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری سے شروع ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ 9 فروری کو ہوگا۔