لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے دیامربھاشا اور مہمندڈیموں کی تعمیر پر پیش رفت کی تفصیلات منظرعام پرلانے کیلئے دائر درخواست میں وفاقی حکومت کو جواب جمع کروانے کا آخری موقع دے دیا۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ نے د لائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر کیلئے کتنی زمین حاصل کی گئی۔ اس کی تفصیلات حکومت سے لی جائیں۔ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے پر کب کام شروع ہوا اس کی تفصیلات بھی عدالتی ریکارڈ پرطلب کی جائیں۔حکومت سے تفصیلات لی جائیں کہ مہمند اور بھاشا ڈیم کے بارے میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیا پیش رفت ہوئی ہے،انہوں نے استدعا کی کہ ڈیم کیخلاف منفی مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی کاحکم دیا جائے۔سرکاری وکیل نے ڈیموں کی تعمیر کی پیش رفت پر جواب داخل کرانے کیلئے مہلت طلب کی،جس پرعدالت نے وفاقی حکومت کو جواب جمع کروانے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 31 جنوری تک ملتوی کر دی۔