پنجاب کےمیدانی علاقوں میں شدید دھند،معمولات زندگی متاثر

لاہورسمیت پنجاب کے مختلف علاقےآج صبح سےشدید دھند کی لپیٹ میں ہے ، لوگوں کےمعمولات زندگی شدید متاثر ، موٹرویز پرحد نگاہ انتہائی کم جبکہ ٹرینوں اور پروازوں کاشیڈول بھی متاثر ہواہے ۔
تفصیلات کے مطابق شدید دھند اورسردی کی لہر نے پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس سے لوگوں کی معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔ دھند نے ساہیوال ، چیچہ وطنی ، کسوال ، میاں چنوں ، احمد پور شرقیہ ، لودھراں اور بہاولپور سمیت متعدد دیگر شہروں میں بھی نہ صرف ٹریفک کی روانی بلکہ معمولات زندگی کو بھی متاثر کیا۔ خانیوال سے ملتان (ایم 4) ، موٹروے سیکشن لاہور سے سمندری (ایم 3) ، گوجرہ سے شورکوٹ (ایم 4) موٹر وے سیکشن اور ملتان سے سکھر (ایم 5) کے موٹر وے سیکشن کو بند کردیا گیا ہے کیونکہ حد نگاہ صفر سے بھی کم ہے۔ شدید دھند کی وجہ سے مختلف مقامات پر موٹر وے اور شاہراہیں بھی بند کردی گئیں ہیں جبکہ ڈرائیوروں کو سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے ۔ موٹروے پولیس نے مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کاکہا ہے جبکہ ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کے نظام کو بھی متاثر کیا ہے ، جبکہ غیر ملکی پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں پر منتقل کیاگیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بنیادی طور پر سرد اور خشک موسم متوقع ہے۔تاہم ، صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب اور بالائی سندھ کے علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ جمعرات کی صبح ریکارڈ کیے گئے کچھ بڑے شہروں کا درجہ حرارت درج ذیل ہے : اسلام آباد اور لاہور چار ڈگری سنٹی گریڈ ، کراچی بارہ ، پشاور پانچ ، کوئٹہ منفی چھ ، گلگت منفی تین ، مری دو اور مظفرآباد صفر ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

ای پیپر دی نیشن