جسٹس یحییٰ آفریدی کی گن اینڈ کنٹری کلب کا ممبر ہونے پرکیس کی سماعت سے معذرت

Jan 16, 2020

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کور ٹ آف پاکستان کے جج جسٹس یحییٰ آفریدی نے گن اینڈ کنٹری کلب کے ممبر ہونے کے باعث کیس کی سماعت سے معذرت کرلی ۔سپریم کورٹ میں گن اینڈ کنٹری کلب سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔جسٹس یحییٰ آ فریدی نے کلب کے ممبر ہونے کے باعث کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ جج صاحب کے انکار کے باعث کیس نہیں سن سکتے،کیا گزشتہ سماعت کے حکم پر عمل کیاگیا ہے۔ وکیل نعیم بخاری نے کہاکہ عدالتی حکم پر فریقین نے اپنی رپورٹس جمع کروا دیں ہیں، حکومت کلب سے متعلق جو بھی سفارش کرے گی اسکی کابینہ سے منظوری لینا ہو گی۔وکیل نعیم بخاری نے کہاکہ کلب کی موجودہ انتظامیہ نے بھی کلب سے متعلق اپنی سفارشات جمع کروادی ہیں۔وکیل نعیم بخاری نے کہاکہ کسی بھی حکومتی ادارے نے نئی انتظامیہ کے دور میں کوئی مالی سہولیات نہیں دی۔انہوںنے کہاکہ موجودہ تمام رقم ممبران کی رقم ہے۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ گن اینڈ کنٹری کلب حکومت پاکستان کی ملکیت ہے، فی الحال موجودہ انتظامیہ کو مزید توسیع کیلئے حکم امتناع نہیں دینا چاہتے ہیں۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ 17 دسمبر کو موجودہ انتظامیہ کو ایک مرتبہ توسیع دے چکے ہیں۔ عدالت نے کہاکہ کیس کو پندرہ روز بعد دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کردیا جائے گا، فریقین چاہے تو اپنے جوابات جمع کروا سکتے ہیں۔بعد ازاں سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔

مزیدخبریں