فٹ با ل کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی اور کرسٹیانورونالڈو ہمیشہ سے ایک دوسرے کے مدمقابل نظر آئے ہیں اورکھیل کو لے کران دونوں کا انداز بےحدخاص رہا جس کااعتراف میسی نے بھی کرلیا ۔
حال ہی میں ایک یورپی ٹیبلوئیڈ کودیئے گئے ایک انٹرویو میں لیونل میسی نے اعتراف کیا کہ کرسٹیانو رونالڈوان کے خاص حریف رہے ، اور یہ اس وقت بے حد اہم تھا جب وہ دونوں بالترتیب بارسلونا اور ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والی ہسپانوی لیگ کے لئے کھیل رہے تھے۔ میسی کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے مدمقابل رہنا ایک خاص عمل تھا جو لوگوں کے ذہنوں میں ہمیشہ کے لئے قائم رہے گا ، کیونکہ یہ بہت سالوں تک جاری رہا اور طویل عرصے تک اس لیول کو برقرار رکھنا آسان نہیں ہے۔میسی کا مزید کہنا تھا کہ ان کی ٹیمیں دنیا کی دو بہترین ٹیمیں ہیں جو اپنے کھلاڑیوں سے بہت مطالبہ کرتی ہیں ۔ اور اتنے سالوں تک دو حریفوں کا برابری پر مقابلہ کرنا ، میرے خیال میں یہ لوگوں کے ذہنوں میں ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان کھیل ذاتی سطح پر بہت اچھا تھا اور مجھے لگتا ہے کہ لوگوں نے بھی مزہ کیا ، چاہے وہ میڈرڈ یا براکا کے چاہنے والے ہوں یا عام طور پر صرف فٹ بال کے شائقین ہوں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ان کا میچ ریال میڈرڈ میں ہوتا تو بے حداہم اورکرسٹیانو کے ساتھ تو خاص ہوجاتا۔ان کا کہنا تھا کہ ریال کے خلاف میچز ہمیشہ معنی خیز رہے ہیں کیونکہ ان کے روایتی حریف کرسٹیانو کی موجودگی میں میچ کامزہ اوربھی دوبالا ہوجاتا ہے ، لیکن اب وقت گزر گیا ہے اب ہمیں مستقبل کے لئے منتظر رہنا ہے۔
یادرہے کہ رونالڈو نے 2018 میں جوونٹس روانہ ہونے سے پہلے9 سال تک ریال میڈرڈ کے لئے کھیلا ہے ۔