پاک فوج میں تقرر اور تبادلے کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار کو شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا گیا ، جبکہ میجر جنرل آصف غفور کا تبادلہ کرکے انہیں جی او سی 40 ڈویژن(اوکاڑہ)تعینات کردیا گیا۔بعد ازاں میجر جنرل آصف غفور نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ الحمداللہ، ان سب کا شکریہ جن کے ساتھ میں اپنے دور میں منسلک رہا، میں تمام میڈیا کا شکر گزار ہوں، پاکستانی عوام کی محبت اور سپورٹ پر ان کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔انہوں نے نئے ڈی جی آیس پی آر کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔خیال رہے کہ 15 دسمبر 2016 کو میجر جنرل آصف غفور کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا تھا۔ نئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اس سے پہلے آرمر ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)ون کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا تعلق آرمڈ کور کی یونٹ 6 لانسر سے ہے۔ انہوں نے 1990 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ سے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور اردن کے رائل کمانڈ اینڈ سٹاف کالج سے بھی دفاعی تعلیم حاصل کی۔ میجر جنرل بابر افتخار دوران ملازمت کمانڈ اینڈ سٹاف پوزیشنز پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ جبکہ میجر جنرل آصف غفور کو 15 دسمبر 2016 کو پاک فوج کے ترجمان کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، وہ اب اوکاڑہ میں پاک فوج کی 40 ویں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ(جی او سی)کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انہوں نے 1988 میں پاکستانی فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔