جوبائیڈن کی حلف برداری پر امریکہ میں ہنگاموں  کا خطرہ‘ لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

Jan 16, 2021

واشنگٹن (این این آئی‘ اے پی پی‘ نوائے وقت رپورٹ )نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری کے موقع پر واشنگٹن سمیت امریکا بھر میں حملوں اور ہنگامہ آرائی کا خطرہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایف بی آئی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر اور عمارتوں پر حملے ہو سکتے ہیں۔کئی ریاستوں میں نیشنل گارڈز طلب کرلیے گئے جبکہ واشنگٹن میں متعدد سڑکیں بند ہیں اور 20 ہزار نیشنل گارڈز تعینات کردیئے گئے۔امریکہ کے نو منتخب صدر کی حلف برداری کے موقع پر واشنگٹن کو چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 20 جنوری کو امریکی نو منتخب صدر جوبائیڈن حلف اٹھائیں گے۔ سکیورٹی کے پیش نظر امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں مزید بکتربند گاڑیاں اور مزید فوجی تعینات کئے جا رہے ہیں۔  واشنگٹن میں لاک ڈاؤن جیسی صورتحال ہے۔ حلف  برداری  کے موقع پر شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کر دی گئی‘ 16  سے 20  جنوری تک امریکہ بھر میں حملوں اور ہنگام آرائی کا خطرہ ہے۔

مزیدخبریں