ایک ہفتے کے دوران مہنگائی0.22فیصدکم، 23اشیاء مہنگی7سستی21میں استحکام

Jan 16, 2021

اسلام آباد‘ لاہور  (نمائندہ  خصوصی‘ کامرس رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ)ادارہ شماریات نے مہنگائی کے اعداد وشمار جاری کر دیئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق لاہور‘ فیصل آباد میں گھی 290 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.22 فیصد کمی ہوئی۔ ملک میں ایک ہفتے کے دوران 23 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ چینی‘ گھی‘ کوکنگ آئل‘ لہسن‘ دال چنا‘ مرچ پاؤڈر‘ مٹن‘ چاول‘ دال ماش کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ ملک میں ایک ہفتے میں چینی کی اوسط قیمت میں 3 روپے اضافہ ہوا۔ ملک میں چینی کی فی کلو اوسط قیمت 92 روپے 92 پیسے ہو گئی۔ زیادہ سے زیادہ قیمت 100 روپے کلو تک پہنچ گئی۔ راولپنڈی میں چینی 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ ایک ہفتے کے دوران گھی کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 84 پیسے اضافہ ہوا۔ ملک میں گھی کی اوسط فی کلو قیمت 267 روپے 18 پیسے ہو گئی۔ دال مونگ کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 2 روپے 14 پیسے اضافہ ہوا۔ دال مونگ کی فی کلو قیمت 229 روپے 84 پیسے ہو گئی۔ ایک ہفتے میں آٹے کی 20 کلو تھیلے کی قیمت 949 روپے 26 پیسے ہو گئی۔ ایک ہفتے میں آگ جلانے والی لکڑی کی فی من قیمت میں 5 روپے 16 پیسے اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران کیلا‘ گڑ‘ دال چنا کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ ایک ہفتے میں انڈوں کی قیمت میں 31 روپے فی درجن کمی آئی۔ انڈوں کی اوسط قیمت 199 روپے سے کم ہو کر 167 روپے 91 پیسے ہو گئی۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 9 روپے 46 پیسے کمی آئی۔ ٹماٹر کی فی کلو قیمت 84 روپے 64 پیسے سے کم ہو کر 75 روپے 18 پیسے ہو گئی۔ آلو کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 16 پیسے‘ پیاز کی ایک روپے 68 پیسے‘ چکن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے‘ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر میں 4 روپے کمی آئی۔ ایک ہفتے کے دوران دودھ‘ دہی‘ نمک سمیت 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ دریں اثناء مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں کاروں اور موٹر سائکلوں کی درآمد میں 209 فیصد تک اضافہ ہو گیا جبکہ  موبائل فونز کی درآمد بھی 59 فیصد بڑھ گئی۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق جولائی کے دسمبر تک 15 ارب 33 کروڑ روپے مالیت کی مکمل تیار شدہ کاریں درآمد کی گئیں جو گزشتہ سال اس عرصے سے 209 فیصد زیادہ ہے گزشتہ سال درآمد شدہ کاروں کی مالیت 4 ارب 96 کروڑ روپے تھی 6 ماہ میں 7 ارب 2 کروڑ روپے کی مکمل بسیں اور ٹرک وغیرہ درآمد کیے گئے، جو پہلے سے 43 فیصد زیادہ ہیں گزشتہ سال درآمد شدہ بڑی گاڑیوں کی مالیت 4 ارب 90 کروڑ روپے تھی رواں مالی سال تیار موٹر سائیکلوں کی درآمد میں بھی 171 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔رپورٹ کے مطابق مالی سال کے چھ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 153 ارب 60 کروڑ روپے کے موبائل فون درآمد کیے گئے جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں باہر سے منگوائے گئے فونز کی مالیت 96 ارب 33 کروڑ روپے تھی چھ ماہ کے دوران 35 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے ٹیلی کیمونیکیشن کے دوسرے آلات بھی درآمد کیے گئے۔

مزیدخبریں