سی پیک رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں  غیرملکی کمپنی کی الاٹمنٹ کی منظوری 

Jan 16, 2021

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)خصوصی اقتصادی زونز کمیٹی نے سی پیک رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں غیرملکی کمپنی کی پہلی الاٹمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ سے جاری بیان کے مطابق خیبر پختونخوا میں صنعتی ترقی کے حوالہ سے یک تاریخی دن ہے کیونکہ چین کی ایک کمپنی رشکئی کے خصوصی اقتصادی زونز میں بطور غیر ملکی فرم شامل ہوئی ہے۔ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی کمیٹی نے سینچری سٹیل پرائیویٹ لمیٹڈ کو 40 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ کمپنی چین کی میسرز فوزہو جولیتھائی انٹرنیشنل کمپنی کی ملکیت ہے جو بین الاقوامی سطح پر سٹیل اور لوہے کی پیداوار اور سیلز کے کاروبار سے منسلک ہے۔ فوزہو جولیتھائی انٹرنیشنل کمپنی انڈونیشیا، میانمار، کمبوڈیا اور ایتھوپیا میں سٹیل ملز کی مالک ہے جس کی لوہے اور سٹیل کی پیداواری استعداد 3000 ملین ٹن سے زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ سینچری سٹیل نے 50 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی ہے۔ اس سے ایک ہزار افراد کو روزگار حاصل ہو گا۔ راشاکئی زون میں صنعتیں لگانے کیلئے سینکڑوں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ واضح رہے کی یہ زون سی پیک کے تحت پاک چین شراکتداری سے قائم کیا جا رہا ہے جہاں پر 2 لاکھ افراد کو روزگار حاصل ہو گا جبکہ اس میں 347 ارب روہے کی سرمایہ کاری ہو گی۔ جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے یہ خصوصی زون جنوبی ایشیا کی تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا اور خیبر پختونخوا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزیدخبریں