اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے۔ غیر ملکی سیاحوں کیلئےان علاقوں کو مزید پر کشش بنانے کیلئے جدیدسہولتوں کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر ہونی چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے سپیکر سید امجد علی سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں سینیٹر دلاور خان ، سجاد حسین طوری، اورنگزیب ورکزئی ، ایوب آفریدی ، ذیشان خانزادہ اور تاج آفریدی بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور آسان اقساط پر قرضے فراہم کئے جائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ شمالی علاقہ جات میں مقامی صنعتوں اور چھوٹے کاربار شروع کرنے کیلئے گورنر اسٹیٹ بینک سے بات کریں گے تا کہ سرکاری اورنجی بنکوں کے ذریعے آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے طریقہ کار وضع کیا جا سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے سید امجد علی کو گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سنجیدہ ہیں اور شمالی علاقہ جات سیاحت کیلئے خاصی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی و سماجی و اقتصادی خوشحالی کیلئے سیاحت کا فروغ ضروری ہے اور ایوان بالا گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
شمالی علاقہ جات میں سیاحت بارے بے پناہ استعداد موجود ، صادق سنجرانی
Jan 16, 2021