گکھڑ منڈی : رشتہ تنازعہ پر دادی ، چچا، ساس 2برادر نسبتی قتل

گکھڑ منڈی‘ گوجرانوالہ‘ کلرسیداں‘ شکارپور (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) گکھڑ منڈی میں شادی کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے دادی‘ چچا‘ ساس اور 2 برادر نسبتی کو قتل کر ڈالا۔ راولپنڈی‘ کلرسیداں اور شکار پور میں جائیداد کے جھگڑوں پر 4,4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق رشتہ کے تنازعہ پر دادی‘ چچا‘ ساس اور 2 برادر نسبتی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق افسوس ناک واقعہ تھانہ گکھڑ منڈی کے علاقہ کوٹلی ساہیاں میں پیش آیا جہاں شادی کے تنازعہ پرداماد نے فائرنگ کر کے ساس سمیت پانچ افراد کوقتل اورایک شخص کو زخمی کر دیا ہے ۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم سفیان کی شادی چچا کی بیٹی کیساتھ ہوئی تھی داماد نے شادی کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے 70سالہ پروین،45سالہ مہناز ،45سالہ فیاض سمیت پانچ افراد کو قتل اور ایک شخص کو زخمی کر دیا ہے نعشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیاگیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ہسپتال میں زیر علاج شخص کی حالت کافی تشویشناک ہے ۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے موقع سے شواہد اکٹھے کئے تحقیقات کا دائرہ کا ر وسیع کر رہے ہیں جلد اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ گکھڑمنڈی سے نامہ نگار کے مطابق مقتولین میں ملزم کی خوشدامن‘ دادی، چچا اور دو برادر نسبتی شامل ہیں۔ سفیان چیمہ نے اپنی خوشدامن مہناز زوجہ محمد اشفاق اور دو برادر نسبتی  شاہد اور احد کو ناراضگی دور کرنے کے بہانے دعوت پر اپنے گھر بلایا تھاجہاں سفیان کی دادی 70سالہ پروین زوجہ محمد بشیر بھی موجود تھی رشتہ کے تنازعہ پر بات جھگڑے تک پہنچ گئی سفیان نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی۔ کلرسیداں سے نامہ نگار کے مطابق کلرسیداں میں زمین کے تنازعے پر چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، نو افراد زخمی ہوئے تین کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی بھی شامل ہیں۔ کلرسیداں کے گائوں سموٹ میں چند ماہ قبل سلامت ولدکرامت  نے برطانیہ سے آکر مکان کی تعمیر شروع کی دونوں فریقین میں تو تکرار مسلسل چلتی رہی جمعہ کے روز ایک فریق گھر کے باہر دیوار تعمیر کر رہا تھا دوسرے فریق نے اسے باز رہنے کو کہا تو ملزم فریق نے فائرنگ کر کے دو افراد موقع پر قتل کر دیئے۔ فائرنگ کی آواز سن کر مزید لوگ باہر نکلے تو ملزموں نے انہیں بھی قتل کردیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں زرین اقبال ولد فضل حسین عمر 60سال، عنصر اقبال ولد فضل حسین عمر 62سال،رقیباً انسا ء زوجہ عنصر اقبال عمر 60سال،صفورہ بیگم زوجہ مظہر حسین عمر 55سال جبکہ زخمیوں میں 53سالہ فضل حسین،61سالہ مظہر علی ،22سالہ واثق عنصر، 29سالہ وسیم،18سالہ حسین،50سالہ رفیضن ،45سالہ زیب النساء ،70سالہ محبوب خان،23سالہ غضنفر شامل ہیں۔ سی پی او محمد احسن یونس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز شعیب و دیگر افسران پولیس نفری کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے۔ ایس پی صدر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دیوار کی تعمیر کے تنازعے پر دو فریقین کی تلخ کلامی ہوئی، دونوں فریقین آپس میں رشتہ دار اور ہمسائے بھی ہیں،سینئر افسران کی موجودگی میں موقعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، ادھر واقعہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دریں اثناء دوسری جانب شکارپور میں جائیداد کے تنازعہ پر جھگڑے کے دوران 4 افراد کو قتل کر دیا گیا جبکہ خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن