سیالکوٹ (نامہ نگار) بھارتی آبی جارحیت۔ مقبوضہ کشمیر کے بگلیہار ڈیم پر بھارت کی طرف سے مکمل پانی روکے جانے کی وجہ سے ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب کے پانی کی آمد صرف پانچ ہزار دو سو ستاسی کیوسک رہی اور دریائے چناب کا پچانوے فیصد سے زائد حصہ خشک اور دو نہریں مرالہ راوی لنک اور اپر چناب مکمل طورپر بند ہونے سے خشک ہوگئیں۔ اور سیالکوٹ، پسرور، نارووال، سمبڑیال، ڈسکہ اور گوجرانوالہ ودیگر اضلاع کی لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی پر کاشت شدہ فصلوں کو کسان و کاشتکار ٹیوب ویلوں کا پانی لگانے پر مجبور ہیں۔ ترجمان ایری گیشن کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دو دریائوں دریائے مناور توی کے دو ہزار سات سو ایک کیوسک پانی اور دریائے جموں توی کے دو ہزار پانچ سو بتیس کیوسک پانی کے شامل ہونے سے دریائے چناب کے مجموعی پانی کی آمد دس ہزار پانچ سو بیس کیوسک رہی۔ تاہم دریائے چناب کے اپنے پانی کی آمد پانچ ہزار دو سو ستاسی کیوسک رہی۔