اپوزیشن کو احتجاج کی اجازت ڈیل ڈھیل، جیسا کرینگے ویسا بھرینگے: شیخ رشید

Jan 16, 2021

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ شیخ رشید کہتے ہیں ہمیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت سے ڈر نہیں‘ کوئی ڈیل نہیں ہے‘ کوئی ڈھیل نہیں ہے‘ جیسا کریں گے ویسا بھریں گے۔ احتجاج کی اجازت دینے کا مطلب کھلی چھوٹ دینا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگوں نے مسئلے اٹھائے تو پھر سارے مسئلے اٹھیں گے‘ یہ پانامہ میں کوئی جواب نہیں دے سکے۔ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم کے احتجاج کے سامنے رکاوٹ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اجازت دینے کا مطلب کھلی چھوٹ دینا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملک پر رحم کریں‘ امن و امان خراب کیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ مولانا فضل الرحمن اس ملک پر رحم کھائیں۔ پہلے انہوں نے تفرقہ بازی کرنے کی کوشش کی اور عمران خان نے ایسا وزیر داخلہ لگایا ہے جس نے ختم نبوت کے سلسلے میں سب سے زیادہ جیل کاٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے کی حیثیت سے میں نے 4 باتیں کی تھیں، یہ استعفیٰ نہیں دیں گے، سینٹ انتخابات میں حصہ لیں گے، ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے اور لانگ مارچ ضرور کریں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے خبروں میں بحث چھیڑنے کے لیے پنڈی جانے کا اعلان کیا۔ پھر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہی آئیں گے جہاں فی الحال تو ان کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں۔ البتہ 19 تاریخ کو ان کا طریقہ کار بھی دیکھا جائے گا۔ آئین و قانون کا احترام کریں گے تو احترام ملے گا۔ آئین و قانون کو ہاتھ میں لیں گے تو آئین و قانون آپ کو ہاتھ میں لے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت سے ہمیں اتنا ڈر نہیں ہے۔ کچھ اور باتیں ہیں جن کا ابھی وقت نہیں آیا۔ پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے وہ کھیلتی رہے۔ بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب آخری 5 اوورز کا میچ کھیلنا چاہتے ہیں اور انہیں بھی ہم سے گلہ شکایت نہیں ہو گی۔ ہم ان کا احترام برقرار رکھیں گے۔ اگر انہوں نے احترام کا مطلب غلط لیا تو پارلیمانی زبان میں بتادوں کہ اسلام آباد میں 560 مدارس میں سے صرف 92 رجسٹرڈ ہیں جہاں طلبہ رہائش پذیر ہیں۔ ہمیں رجسٹریشن کرنی چاہیے تاہم سیاسی ماحول میں ابھی یہ مسئلہ نہیں اٹھانا چاہتے۔ لیکن اگر لوگوں نے مسئلے اٹھائے تو پھر سارے مسئلے اٹھیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 8-10 دن تک براڈ شیٹ کا معاملہ چلے گا۔ مجھے تو نظر آرہا ہے الیکشن کمیشن آکر احتجاج کرنے کا اعلان بھی براڈ شیٹ کی نذر ہوجائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور آئی ایس پی آر میں فرق ہے۔ کوئی کسی کو فون نہیں کررہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی سیاستدان نہیں چاہتا کہ انتشار و خلفشار پیدا ہو اور کوئی بات حتمی بات نہیں ہوتی۔ درمیان کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اپوزیشن بند گلی میں جانے کے بجائے کھلے راستے کیلئے تیار ہوگی۔دریں اثناء شیخ رشید احمد نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ رینجرز ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر وزیر داخلہ شیخ رشید کا ڈی جی رینجرز میجر جنرل عامر مجید نے استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید کو رینجرز کے پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے رینجرز کی خصوصی مشقیں بھی دیکھیں۔ وزیر داخلہ نے یادگار شہداء پر شہید ہونیوالے  جوانوں کے لئے دعا کی۔ 

مزیدخبریں