لاہور(نمائندہ خصوصی) قربان لائنز میں پولیس ملازمین کے لئے جدید سہولیات سے لیس باربر شاپ قائم کر دی گئی ۔ پولیس ملازمین کی تعداد کی ضروریات کے پیش نظر بڑی بیرک کو باربر شاپ میں تبدیل کر کے مکمل طور پر نئے آلات مہیا کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب احمد ارسلان ملک اور ایس ایس پی صادق علی ڈوگر نے شاپ کا افتتاح کیا۔ ڈی آئی جی نے شاپ کے قیام کیلئے ایس ایس پی کی مساعی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کے تناظر میں ایس او پیز یقینی بنانے کیلئے وسیع و عریض جگہ پر باربر شاپ کا قیام وقت کی ضرورت تھی۔ انہوں نے ہدایت کی باربر شاپ میں صفائی کو مستقل طور پر برقرار رکھا جائے۔ ایس ایس پی صادق علی ڈوگر نے بتایا کہ پہلے والی شاپ پولیس ملازمین کی ضروریات پوری کرنے سے قاصر تھی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔