لاہور(سپورٹس رپورٹر) شہر قائد میں کرونا کے بڑھتے کیسز پر سندھ حکومت نے پی ایس ایل سیزن 7 میں تماشائیوں کی تعداد کم کرنے کی تجویز دیدی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں کراچی میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر آئندہ 20 سے 30 روز کیلئے کسی بھی قسم کے اجتماعات کی اجازت نہ دینے کی تجویز سامنے آئی۔اجلاس میں تجویز دی گئی کہ کراچی میں شروع ہونے والے پی ایس ایل سیزن 7 کیلئے تماشائیوں کی تعداد کو بھی محدود کیا جائے، سندھ حکومت این سی او سی کے آئندہ اجلاس میں اپنی تجویز پیش کریگی، این سی او سی سندھ حکومت کی تجویز پر فیصلہ کرے گی۔این سی او سی نے پی ایس ایل میں 100 فیصد تماشائیوں کا اعلان کررکھا ہے۔این سی اوسی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کااجلاس کل ہونا ہے ۔ پاکستان سْپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے شرفین ردرفورڈ آئندہ سیزن کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے بیٹنگ پریکٹس کرتے ایک ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی زینت بنائی جس میں کرکٹر نے کہا کہ انہیں کرکٹ میں واپس آکر خوشی ہورہی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے پشاور زلمی اور پی ایس ایل کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سیزن کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔پی ایس ایل سیون کا آغاز 27 جنوری سے ہوگا جو 27 فروری تک جاری رہے گا۔ایونٹ کے میچز کراچی اور لاہور میں ہوں گے، کراچی میں 15 جبکہ لاہور میں 19 میچز کھیلے جائیں گے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بہت زیادہ پریشانی کی صورت میں سرفراز احمد سے مشورہ لیتا ہوں۔جب بھی کپتانی کے معاملے میں پھنستا ہوں تو شعیب بھائی، شاداب اور رضوان کے پاس مشورے کیلئے جاتا ہوں۔اگر میچز یا مسائل میں بہت زیادہ پھنس جاتا ہوں تو سیفی بھائی (سرفراز احمد) سے مشورہ لیتا ہوں کیونکہ اْن کے پاس کپتانی کا وسیع تجربہ ہے اور مجھے اْن کے مشوروں کیوجہ سے کافی مدد ملتی اور سیکھنے کو بھی بہت کچھ ملتا ہے۔بابر اعظم نے سال 2021 کا بہترین لمحہ بھارت کے خلاف فتح کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا سارا سہرا کھلاڑیوں کو جاتا ہے، ہم اپنی حکمت عملی کے تحت میدان میں آئے کامیابی حاصل کی۔میں نے صبر کرنا اور مزاج کو دھیما رکھنا سیکھ لیا ہے کیونکہ ہم ایسی صورت میں اچھا فیصلہ کرسکتے ہیں، مجھے گروپ بھی اچھا ملا تمام کھلاڑیوں نے بھرپور ساتھ دیا۔